ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈیشہ اور مغربی بنگال کی جانب گامزن طوفان ’دانا‘، ساحلی علاقوں میں شدید خطرات کا اندیشہ

اڈیشہ اور مغربی بنگال کی جانب گامزن طوفان ’دانا‘، ساحلی علاقوں میں شدید خطرات کا اندیشہ

Wed, 23 Oct 2024 19:55:57  SO Admin   S.O. News Service

بھونیشور،23/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)انڈمان کے سمندر سے جنم لینے والا گردابی طوفان ’دانا‘ اب خلیج بنگال کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ طوفان کا بیرونی حصہ اڈیشہ کے ساحلوں تک پہنچ چکا ہے، جہاں اس کے اثرات نمایاں ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ بھدرک ضلع میں بارش کی ابتدائی صورتیں دیکھنے کو ملی ہیں۔ موسمیات کے محکمے (آئی ایم ڈی) کا کہنا ہے کہ طوفان کا سب سے زیادہ اثر اڈیشہ کے علاقوں پر پڑنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس طوفان کا اثر تقریباً نصف اڈیشہ میں دیکھنے کو ملے گا۔ طوفان فی الحال 500 کلومیٹر دور ہے، لیکن 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ آئی ایم ڈی نے ’دانا‘ کے 24 اکتوبر کی صبح تک خلیج بنگال میں خوفناک طوفان کی شکل اختیار کرنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

یہ خطرناک طوفان 24 اکتوبر کی رات سے لے کر 25 اکتوبر کی صبح تک کبھی بھی اڈیشہ کے پوری ضلع اور مغربی بنگال کے ساگر نامی جزیرہ (جنوب 24 پرگنہ ضلع میں) کے درمیان ٹکرا سکتا ہے۔ اس دوران ہوا کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔

پوری میں 3 ہزار سے زیادہ سیاحوں کو گھر بھیج دیا گیا۔ ہوٹل کی بکنگ 4 دنوں کے لئے روک دی گئی ہے۔ احتیاطاً طوفان سے متاثر ہونے کے خدشہ کے پیش نظر 14 اضلاع کے تمام اسکولوں اور کالجوں کو 25 اکتوبر تاریخ تک بند کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سرکاری ملازمین کی چھٹی منسوخ کر دی گئی ہے۔ اس درمیان اڈیشہ میں تقریباً 10 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

طوفان کی شدت کے پیش نظر مغربی بنگال میں 198 اور اڈیشہ میں 150 ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ساتھ ہی مغربی بنگال کی حکومت نے دیگھا، مشرقی میدنی پور اور جنوب 24 پرگنہ ضلعوں سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

گردابی طوفان ’دانا‘ کے مد نظر مرکزی اور ریاستی حکومت کمر کس چکی ہے۔ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے تمام طرح کی تیاریاں کی جا چکی ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (اینڈ ی آر ایف) اسٹینڈ بائی پر رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آرمی، نیوی اور کوسٹ گارڈ کی بچاؤ اور ریلیف ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔


Share: